ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اوپیننگڈی : پی ایف آئی لیڈران کی رہائی کے لئے جاری احتجاجیوں پر پولس لاٹھی چارج :10سے زائد لوگ زخمی

اوپیننگڈی : پی ایف آئی لیڈران کی رہائی کے لئے جاری احتجاجیوں پر پولس لاٹھی چارج :10سے زائد لوگ زخمی

Wed, 15 Dec 2021 18:11:04    S.O. News Service

اُپیننگڈی :15؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) کچھ دن قبل شہر کے پرانے گیٹ کےسبرامنیا کراس پر تلوار حملہ معاملے کو لےکر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے تین لیڈران کو  پوچھ تاچھ کے لئے بلا بھیج کر گرفتار کرنےکا الزام عائد  کرتےہوئے پاپولر فرنٹ کے کارکنان نے منگل کو پولس تھانہ کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا۔ اس دوران احتجاجیوں کو منتشر کرنے کےلئے پولس کی طرف سے کی گئی لاٹھی چارج میں 10سے زائد لوگ زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

واقعہ کی تفصیل:پرانے گیٹ پر ہوئے تلوار حملہ کو لےکر پی ایف آئی اوپیننگڈی ضلع کمیٹی کے صدر عبدالحمید میجسٹک، ایس ڈی پی آئی نیکلاڑی گرام سمیتی کے صدر زکریا کوڑپّاڑی اور اوپیننگڈی بلاک سمیتی صدر مصطفیٰ لطیف کو اوپیننگڈی کی پولس نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔ اس خبر کے پھیلتے ہی پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی کے کارکنان صبح سے ہی پولس تھانہ کے سامنے جمع ہوکر پولس تحویل میں موجود افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ لےکر راستہ روکو احتجاج کیا۔

شام تک احتجاج جاری رہتے دیکھ کر ڈی وائی ایس پی ڈاکٹر گانا کماری نے جائے وقوع پر پہنچ کر احتجاج پربیٹھے چار پانچ لیڈران کو بات چیت کی دعوت دی اور تحویل میں لئے گئے لیڈران کو رہا کرنےکا تیقن دیا تواحتجاجی شام ہوتے ہوتے احتجاج ختم کرکے لوٹ گئے۔

احتجاج جاری اور لاٹھی چارج:پولس نے اپنی تحویل میں موجود تین لیڈران میں سے صرف ایک کو رہاکیا۔ جب صرف ایک کی رہائی کی خبر پھیلی تو پی ایف آئی کارکنان دوبارہ پولس تھانہ کے سامنےجمع ہوکر بقیہ دونوں کو بھی رہا کرنےکا مطالبہ کرتےہوئے احتجاج کرنے لگے۔احتجاجیوں نے عصر کی نماز وہیں راستے پر ادا کرنے کی تصویریں بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔  رات بھی احتجاج جاری رہاتو 9بجےکے قریب احتجاجیوں کو منتشر کرنے کےلئے پولس نے لاٹھی چارج شروع کیا۔ پولس لاٹھی چارج کے چلتے 10سے زائد لوگ شدید زخمی ہوئے تو تین پولس اہلکار بھی زخمی ہونےکی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

پتور تحصیلدار ٹی رمیش شام کو اوپیننگڈی پہنچ کر دفعہ 144نافذ کرنے کا اعلان کیا۔مگر اس کے بعد بھی احتجاج جاری رہاتو پولس نے لاٹھی چارج کرتےہوئے ہجوم کو منتشر کرنےکی ذرائع نے خبر دی ہے۔ فی الحال اوپیننگڈی میں حالات کشدہ ہیں، سخت پولس بندوبست ہے۔ ریاستی اور ضلع ریزرو پولس دستے تعینات کئےگئےہیں۔

بتاتے چلیں کہ 6دسمبر کی رات پرانے گیٹ ، سبرامنیا کراس کے قریب مچھلی بیوپاری کجّے کار کے موہن داس ان کے بھائی اشوک اور گاہک مہیش پر انجان لوگوں نے تلوار سے حملہ کرنے کے بعد فرارہوگئے تھے۔ اسی معاملےکولےکر پولس نے پی ایف آئی کے تین لیڈران کو اپنی تحویل میں لینےکی بات کہی جارہی ہے۔

مذمت : اوپیننگڈی پولس کی طرف سے راتوں رات معصوموں کو گرفتار کرنےکے علاوہ پرامن احتجاج کررہے  احتجاجیوں پر ظالمانہ طورپر لاٹھی چارج کا الزام لگاتے ہوئے پی سیف آئی کے ریاستی صدر یاسر حسن نے واقعے کی سختی کے ساتھ مذمت کی ہے انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجیوں پر ظلم ڈھانے والے پولس کی کرتوتوں کو شہری طبقہ متحد ہوکر مذمت کرے اور عوام انصاف کے حق میں کھڑے ہوجائیں۔


Share: